Baaghi TV

کمشنر لاہور ڈویژن کی پرائس کنٹرول کی فیلڈ کارکردگی،قیصر شریف نے بھانڈا پھوڑ دیا

صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف نے لاہور ڈویژن کی انتظامی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً 3 کروڑ آبادی پر مشتمل 4 اضلاع میں پرائس کنٹرول کی صورتحال تشویشناک حد تک غیر تسلی بخش ہے۔

قصیر شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران کمشنر لاہور ڈویژن کی جانب سے صرف 3 فیلڈ وزٹس کیے گئے، جو کہ مہنگائی کے موجودہ طوفان کے مقابلے میں نہایت ناکافی ہیں۔سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے قیصر شریف نے اعداد و شمار جاری کیے، جن کے مطابق تقریباً 3 کروڑ کی آبادی اور 4 اضلاع پر مشتمل لاہور ڈویژن میں گزشتہ 15 دنوں کے دوران پرائس کنٹرول کے حوالے سے کمشنر کی جانب سے صرف 3 دورے کیے گئے ہیں۔ ضلع لاہور میں صرف دو اور ننکانہ میں ایک دورہ کیا جبکہ قصور اور شیخوپورہ کے اضلاع میں کوئی دورہ نہیں کیا گیا۔

https://x.com/Qaisarsharif555/status/2029277798829842731

قیصر شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں بھی آٹا، چینی، سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام شدید ذہنی دباؤ اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، مگر انتظامیہ کی فیلڈ میں موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس اور بیانات اپنی جگہ، مگر عملی اقدامات اور اچانک چھاپوں کی کمی نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر لاہور ڈویژن سمیت پورے صوبے میں پرائس کنٹرول نظام کی ازسرنو نگرانی کریں اور فیلڈ افسران کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیں۔قیصر شریف نے مزید کہا کہ اگر حکومتی مشینری عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ ہے تو محض کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

More posts