Baaghi TV

پشاور: بڈھ بیر میں سی ٹی ڈی آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بڈھ بیر میں مبینہ طور پر دہشت گردی کی غرض سے گشت کر رہا تھا کہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرنیڈ، موبائل فون، 3 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ بھی ملا، جس کے مطابق اس کا تعلق افغانستان کے صوبے کنڑ سے تھا، جبکہ دیگر ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ دونوں یونٹس نے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کارروائی میں حصہ لینے والے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو صوبے میں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

More posts