کراچی میں عید کے تین دن ٹریفک حادثات کے باعث انتہائی افسوسناک ثابت ہوئے جہاں مختلف حادثات میں 16 شہری جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں سال جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 246 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا اور عید کے دنوں میں بھی سڑکیں محفوظ نہ رہ سکیں۔ گزشتہ روز ڈیفنس موڑ پر ایک تیز رفتار ٹینکر نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہیوی ٹریفک شہریوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ رواں سال اب تک ٹینکرز، ٹرالرز اور ڈمپرز کی زد میں آکر 83 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 37 ہلاکتیں ٹرالرز کے باعث ہوئیں جبکہ واٹر ٹینکرز نے 23 افراد کی جان لی۔
دیگر حادثات میں بسوں کی ٹکر سے 11، مزدا گاڑیوں سے 7 جبکہ ڈمپرز کی زد میں آکر 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی ہے، اب تک 2 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے کئی افراد مستقل معذوری کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
کراچی میں عید کے دنوں میں ٹریفک حادثات تباہ کن، 16 ہلاکتیں
