Baaghi TV

ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کی عدم فعالیت پر صحافی برادری کا اظہار تشویش

قصور میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کی عدم فعالیت، انتظامیہ اور صحافیوں کے درمیان رابطے متاثر
قصور: ضلع قصور میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کی پوسٹ عملاً غیر فعال ہونے کے باعث انتظامیہ اور صحافتی حلقوں کے درمیان روابط شدید تعطل اور بدنظمی کا شکار ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اطلاعات کی بروقت فراہمی، سرکاری مؤقف کی وضاحت اور میڈیا کو آگاہی دینے کا نظام تقریباً مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، جس سے نہ صرف صحافی برادری کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔
صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کی غیر مؤثر کارکردگی کے باعث خبریں حاصل کرنے اور تصدیق کرنے میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ کئی اہم معاملات میں سرکاری موقف سامنے نہ آنے سے افواہوں کو بھی تقویت مل رہی ہے۔
مزید برآں، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کے لیے لاکھوں روپے ماہانہ کرایہ پر حاصل کی گئی کوٹھی حکومتی وسائل پر بوجھ بنی ہوئی ہے، جبکہ اس کے برعکس کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس صورتحال پر صحافیوں اور شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مقامی صحافیوں نے تجویز دی ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہنی ہے تو مذکورہ دفتر کو ختم کر کے ڈی سی آفس کے کسی حصے میں ایک سادہ سی ورک اسٹیشن قائم کر دیا جائے، تاکہ حکومت کی جاری کفایت شعاری مہم کے تحت بجلی، کرایہ اور پٹرول کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔
صحافتی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کو فعال بنایا جائے اور میڈیا و انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

More posts