Baaghi TV


لندن میں موجود ڈاکٹر نے 1500 میل دور مریض کا روبوٹک سرجری سے کامیاب آپریشن کردیا

Chip


جدید طبی ٹیکنالوجی نے طب کے شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جہاں لندن میں موجود ایک سرجن نے 1500 میل دور جبرالٹر میں موجود مریض کا روبوٹک سرجری کے ذریعے کامیاب آپریشن کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق جبرالٹر کے سینٹ برنارڈ اسپتال میں مثانے کے کینسر میں مبتلا 62 سالہ مریض کا آپریشن ایک جدید روبوٹک نظام کے ذریعے کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے آپریشن تھیٹر میں چار بازوؤں والا روبوٹ نصب کیا گیا تھا جس میں تھری ڈی کیمرا بھی موجود تھا۔
‎اس آپریشن کی نگرانی لندن کے علاقے ہارلے اسٹریٹ میں موجود معروف سرجن پروفیسر پروکر ڈسگپتا نے کی جو لندن کلینک روبوٹک سینٹر آف ایکسیلینس کے سربراہ ہیں۔
‎پروفیسر نے لندن میں بیٹھ کر ایک خصوصی کنسول کے ذریعے ٹویومائی روبوٹک سسٹم کو ہدایات دیں جو مائیکرو پورٹ کمپنی نے تیار کیا ہے۔ روبوٹ نے انہی ہدایات کے مطابق مریض کے مثانے کو جسم سے نکالنے کا پیچیدہ عمل انجام دیا۔
‎رپورٹس کے مطابق لندن سے بھیجی جانے والی ہدایات صرف 0.06 سیکنڈ میں جبرالٹر میں موجود روبوٹ تک پہنچ رہی تھیں اور آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ مریض اب صحتیاب ہو رہا ہے۔
‎مریض کا کہنا تھا کہ اگر یہ جدید طریقہ کار دستیاب نہ ہوتا تو اسے علاج کے لیے لندن جانا پڑتا اور اسپتالوں کی طویل ویٹنگ لسٹ کے باعث کئی ہفتوں تک انتظار کرنا پڑتا۔
‎ماہرین کے مطابق یہ کامیاب روبوٹک سرجری طبی دنیا میں ایک اہم سنگ میل ہے جس سے مستقبل میں دور دراز مقامات پر بیٹھے ڈاکٹر بھی پیچیدہ آپریشن انجام دے سکیں گے۔

More posts