Baaghi TV

دبئی میں ڈیلیوری رائیڈرز کیلئے آرام گاہیں قائم ،23 مقامات پر روزانہ مفت کھانے کی فراہمی بھی شروع کردی گئی

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے یو اے ای فوڈ بینک اور ڈیلیوری کمپنی ڈلیوریو کے اشتراک سے ڈیلیوری رائیڈرز کیلئے مختلف مقامات پر مفت کھانے کی فراہمی شروع کردی ہے۔ یہ کھانا امارت کے اہم علاقوں میں میٹرو اور بس اسٹیشنز پر قائم عارضی آرام گاہوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اس فلاحی پروگرام کا مقصد معاشرے کی خدمت کے ساتھ ساتھ دبئی کی معیشت اور ڈیلیوری شعبے میں اہم کردار ادا کرنے والے رائیڈرز کی خدمات کو سراہنا ہے۔ آر ٹی اے کی لائسنسنگ ایجنسی کے سی ای او احمد محبوب کے مطابق یہ اقدام گرمی کے موسم میں ڈیلیوری رائیڈرز کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے کی جانے والی قومی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ پروگرام وزارتِ انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن کی ’مڈ ڈے بریک‘ پالیسی کی بھی معاونت کرتا ہے، جس کے تحت 15 جون سے 15 ستمبر تک دوپہر 12:30 بجے سے 3:00 بجے کے دوران کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد ہوتی ہے۔
روزانہ مفت کھانے کی تقسیم رائیڈرز کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 بس اور میٹرو اسٹیشنز پر کی جا رہی ہے۔ ان مقامات میں گولڈ سوق، السطوہ، الجافلیہ، القصیس اور الکرامہ کے بس اسٹیشنز جبکہ راشدیہ، الفرجان، ڈی ایم سی سی، برجُمان، ابن بطوطہ اور e& میٹرو اسٹیشنز شامل ہیں۔

More posts