اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے انکم ٹیکس ریٹرنز صرف الیکٹرانک ذرائع سے جمع کرانے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ اس فیصلے کے تحت تمام ٹیکس دہندگان کو اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز ایف بی آر کے آئرس (IRIS) پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرانا لازمی ہوگا۔
کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ٹیکس نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کمپنیوں کے مالیاتی گوشوارے بھی اب مشین ریڈ ایبل فارمیٹ میں جمع کرانا لازمی ہوں گے تاکہ ٹیکس ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور پراسیسنگ مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ادارہ 2013 سے زیادہ تر انکم ٹیکس ریٹرنز الیکٹرانک طریقے سے وصول کر رہا ہے، تاہم گوجرانوالہ سمیت چند شہروں میں اب بھی بعض ریٹرنز دستی طور پر جمع کروائے جا رہے تھے۔ نئی تجویز کے بعد ملک بھر میں دستی ریٹرنز کا سلسلہ مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی نے اجلاس کے دوران الگورتھمک سیٹلمنٹ میکانزم سے متعلق ایک اہم تجویز بھی منظور کی۔ اس کے تحت جو ٹیکس دہندگان اس نظام کو اختیار کریں گے، انہیں ریوائزڈ ریٹرن جمع کرانے کی سہولت حاصل ہوگی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق الگورتھمک سیٹلمنٹ کے تحت ریٹرن کی منظوری کے لیے کمشنر کی پیشگی اجازت درکار نہیں ہوگی، جس سے ٹیکس معاملات کو تیز اور آسان بنایا جا سکے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ اس نظام کو اختیار کرنے والے ٹیکس دہندگان پر الگ سے جرمانہ یا سرچارج بھی عائد نہیں کیا جائے گا، جس کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
انکم ٹیکس ریٹرن صرف آن لائن جمع کرانا لازمی قرار دینے کی تجویز منظور
