پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے انگلینڈ کی معروف فرنچائز ٹورنامنٹ دی ہنڈرڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ برطانوی کرکٹ لیگ میں ان کا معاہدہ برمنگھم فینکس کے ساتھ طے پا گیا ہے، جس کے بعد وہ اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق برمنگھم فینکس نے آسٹریلیا کی آل راؤنڈر لوسی ہملٹن کی جگہ فاطمہ ثنا کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ان کی شمولیت کو نہ صرف پاکستان ویمن کرکٹ بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی خواتین کرکٹرز کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
دی ہنڈرڈ لیگ کا آغاز 21 جولائی سے ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 اگست کو کھیلا جائے گا۔ لیگ میں دنیا بھر کی صف اول کی خواتین کرکٹرز حصہ لیں گی، جہاں فاطمہ ثنا کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
رپورٹ کے مطابق فاطمہ ثنا کو اس معاہدے کے تحت کم از کم 15 ہزار برطانوی پاؤنڈ معاوضہ ملے گا۔ تاہم پاکستان ویمن ٹیم کے سری لنکا کے دورے کی وجہ سے ان کی دستیابی محدود میچز تک رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 23 جولائی سے 4 اگست تک سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلے گی، جس کے باعث فاطمہ ثنا لیگ کے تمام میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
فاطمہ ثنا کی دی ہنڈرڈ لیگ میں شمولیت کو پاکستانی خواتین کرکٹ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں دیگر پاکستانی ویمن کرکٹرز کے لیے بھی بین الاقوامی فرنچائز لیگز کے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
فاطمہ ثنا دی ہنڈرڈ لیگ میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر بن گئیں
