Baaghi TV

انگلینڈ کی سنسنی خیز فتح، پاکستان کے سیمی فائنل امکانات خطرے میں

icc wc

‎ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی، جبکہ پاکستان کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات انتہائی محدود ہوگئے ہیں۔
‎میچ میں انگلینڈ نے 165 رنز کا ہدف 5 گیندیں باقی رہتے حاصل کیا۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم ہیری بروک کی شاندار بیٹنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
‎ہیری بروک نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو فتح کی بنیاد ثابت ہوئی۔
‎پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔ اسپنر عثمان طارق نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن آخری اوورز میں انگلینڈ نے ہدف مکمل کرلیا۔
‎اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان 63 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، تاہم دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جس کے باعث ٹیم بڑا اسکور کرنے سے محروم رہی۔
‎اس شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی اب دیگر ٹیموں کے نتائج سے مشروط ہوگئی ہے، جبکہ انگلینڈ مضبوط پوزیشن کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

More posts