Baaghi TV

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی اسپیکر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر اہم گفتگو

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام، ایران امریکا کشیدگی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کے عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بدستور کاربند ہے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور مفاہمت کے تحت طے پانے والے معاملات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

باقر قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد میں متعدد مرتبہ ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں فریق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری کریں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکراتی عمل کو جاری رکھا جانا چاہیے، جبکہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے فریقین کے درمیان رابطوں اور مفاہمت کو فروغ دینا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ جون میں پاکستان اور قطر کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوئے تھے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورہ ایران بھی پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کم کرنے، باہمی رابطوں کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts