فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ادارے کی آپریشنل صلاحیتوں، نگرانی کے جدید نظام اور ہنگامی حالات میں ردعمل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل کو ملک بھر میں قدرتی آفات کی نگرانی، بروقت وارننگ جاری کرنے کے نظام اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر مؤثر ادارہ جاتی رابطہ، جدید نگرانی کا نظام اور بروقت ردعمل کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ اہم قومی انفرااسٹرکچر کی حفاظت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ قدرتی آفات کے دوران عوام اور قومی اثاثوں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل اور استعداد کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون اور رابطے کو مضبوط کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قدرتی آفات، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران سول اداروں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں قومی اداروں کے ساتھ مل کر ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی ایم اے کا دورہ
