Baaghi TV

فیفا ورلڈکپ، اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

نیویارک: فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ نیوجرسی میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں اسپین نے ابتدا سے ہی کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور ارجنٹینا کو پورے میچ میں ایک بھی شاٹ ہدف پر لگانے کا موقع نہ دیا۔

پہلے ہاف میں اسپین نے مسلسل جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹینا کے گول پر متعدد حملے کیے، تاہم کوئی بھی کوشش گول میں تبدیل نہ ہو سکی۔ دوسری جانب اسپین کی مضبوط دفاعی لائن نے ارجنٹینا کے تمام حملے ناکام بنائے، جس کے باعث وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں بھی اسپین کا دباؤ برقرار رہا۔ مقررہ وقت کے اختتام سے کچھ دیر قبل اسپین کے کھلاڑی پر فاؤل کرنے پر ارجنٹینا کے فرنانڈس کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا، جس کے بعد ارجنٹینا کو باقی وقت دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔مقررہ 90 منٹ تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوا۔ اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی مقابلہ برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں اسپین کے فارورڈ فیرن ٹوریس نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔

گول کے بعد ارجنٹینا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی، لیکن اسپین کے مضبوط دفاع کے سامنے تمام حملے ناکام ثابت ہوئے اور یوں اسپین نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا، جبکہ ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکا۔فائنل کے اختتام پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کے کپتان کو ورلڈکپ ٹرافی پیش کی جبکہ کھلاڑیوں میں انفرادی ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

اسپین کے روڈری کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے گولڈن بال ایوارڈ دیا گیا۔ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے سلور بال حاصل کی۔اسپین کے پاؤل کوبارسی کو بہترین نوجوان کھلاڑی (ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ) کا ایوارڈ ملا۔اسپین کے گول کیپر اُنائی سائمن بہترین گول کیپر قرار پائے۔فرانس کے اسٹار کیلیان ایمباپے نے 10 گولز کے ساتھ گولڈن بوٹ اپنے نام کی، جبکہ میسی نے ٹورنامنٹ میں 8 گول اسکور کیے۔

ورلڈکپ جیتنے کے ساتھ ہی اسپین فٹبال کی تاریخ میں بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا۔ اسپین نے 2023 میں فیفا ویمنز ورلڈکپ بھی اپنے نام کیا تھا۔مزید یہ کہ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کھایا اور آٹھ میچز میں کوئی بھی ٹیم اس کے خلاف برتری حاصل نہ کر سکی، جو دفاعی اعتبار سے ایک تاریخی کارکردگی تصور کی جا رہی ہے۔

فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم مقررہ 90 منٹ کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی، جس کے ساتھ وہ فیفا ورلڈکپ فائنل کی تاریخ میں مقررہ وقت کے دوران ہدف پر ایک بھی شاٹ نہ لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ دوسری جانب اسپین نے پورے میچ میں 15 شاٹس لیے جن میں سے 9 ہدف پر تھے، جس سے اس کی مکمل برتری واضح رہی۔

More posts