Baaghi TV

ضدی بچے کی وجہ سے کینیڈا میں مسافر طیارے کی پرواز منسوخ

plane

‎کینیڈا میں ایک بچے کے سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار نے درجنوں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر کردیے اور طیارے کی پرواز ہی منسوخ ہوگئی۔
‎غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ برٹش کولمبیا کے شہر وکٹوریہ سے ٹورنٹو جانے والی پورٹر ایئرلائنز کی پرواز میں پیش آیا۔ طیارہ وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے روانہ ہو کر رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ عملے نے ایک بچے کو اپنی نشست پر کھڑا دیکھا۔
‎رپورٹس کے مطابق بچے کے والدین اور پرواز کے عملے نے اسے سیٹ پر بٹھانے اور سیٹ بیلٹ باندھنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم بچہ مسلسل انکار کرتا رہا۔ صورتحال قابو میں نہ آنے پر عملے نے طیارے کو واپس ٹرمینل پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
‎پورٹر ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق بچے اور اس کے والدین کو سامان سمیت طیارے سے اتار دیا گیا۔ ایئرلائن نے حفاظتی تقاضوں کے تحت بچے کے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی صورت میں پرواز جاری رکھنے کے بجائے طیارے کو واپس لانے کا فیصلہ کیا۔
‎واقعے کے بعد پرواز کے فلائٹ پلان میں تبدیلی اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں خاصا وقت لگ گیا۔ جب تک تمام کارروائی مکمل ہوئی، رات کے ساڑھے 12 بج چکے تھے۔
‎رپورٹس کے مطابق وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ہر رات ساڑھے 12 بجے بند کردیا جاتا ہے۔ رن وے بند ہونے کے باعث طیارہ دوبارہ پرواز نہ کرسکا اور مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر ہی گزارنا پڑی۔
‎واقعے نے جہاں مسافروں کو شدید پریشانی سے دوچار کیا، وہیں یہ واقعہ اس بات کی بھی یاد دہانی بن گیا کہ دوران پرواز حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا ہر مسافر کے لیے ضروری ہے، چاہے صورتحال کتنی ہی معمولی کیوں نہ لگے۔

More posts