ملک بھر میں 31 جولائی سے 2 اگست تک دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے اور مختلف علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں اور ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث ملک کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے، جس سے بعض مقامات پر مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ مسلسل نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔
اسی طرح کالاباغ، چشمہ اور سکھر کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت برقرار ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور مقامی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں، دریا کے کناروں اور ممکنہ متاثرہ آبادیوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے کناروں کا رخ نہ کریں، موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
31 جولائی سے 2 اگست تک دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری
