ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، جہاں 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ لاہور میں آٹے کا تھیلا 1810 روپے سے بڑھ کر 2000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
دیگر شہروں میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرگودھا میں آٹے کا تھیلا 190 روپے جبکہ سکھر میں 160 روپے مہنگا ہوا۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قیمتوں میں 80 سے 90 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔
بڑے شہروں میں صورتحال مزید سنگین ہے، کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا ہو کر 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں اس کی قیمت 2373 روپے جبکہ پشاور میں 2350 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اس تیز اضافے نے غریب اور متوسط طبقے پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی ہفتے میں اتنا بڑا اضافہ حکومتی نگرانی اور قیمتوں کے کنٹرول کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، ایک ہفتے میں 200 روپے تک مہنگائی
