شکارپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تین افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چار مجرموں کو تین، تین بار سزائے موت سنا دی، جبکہ دو ملزمان کو شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر بری کر دیا۔
عدالت نے سزا یافتہ مجرموں پر مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں قانون کے مطابق مزید سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔
عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں بھی چاروں مجرموں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی اور ہر مجرم پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
علاوہ ازیں، ایک شخص کو زخمی کرنے کے جرم میں بھی عدالت نے مجرموں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تقریباً ساڑھے پانچ سال قبل پیش آیا تھا، جب ملزمان نے دو سگے بھائیوں اور ان کے ایک رشتہ دار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش مکمل کی، جس کے نتیجے میں ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کو مقتولین کے اہل خانہ نے انصاف کی فراہمی قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ پراسیکیوشن حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔
شکارپور: تین افراد کے قتل کیس میں 4 مجرموں کو تین، تین بار سزائے موت
