Baaghi TV

صرف 11 دن میں 2 لاکھ سے زائد عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل

‎پاکستان میں آن لائن حج رجسٹریشن نظام کو عازمینِ حج کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق صرف 11 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے گھر بیٹھے کامیابی کے ساتھ اپنی حج رجسٹریشن مکمل کر لی۔
‎وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ابتدائی 11 روز کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 3 ہزار 722 عازمین نے رجسٹریشن کرائی۔ ان میں سے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے ویب پورٹل کے ذریعے جبکہ تقریباً 24 ہزار عازمین نے موبائل ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا۔
‎اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا، جبکہ 49 ہزار کے قریب عازمین نے پرائیویٹ حج اسکیم میں رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 19 ہزار مرد اور 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔
‎صوبہ وار رجسٹریشن میں پنجاب پہلے نمبر پر رہا، جہاں سے تقریباً 95 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ سندھ سے 63 ہزار، خیبرپختونخوا سے 28 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، بلوچستان سے ساڑھے 5 ہزار، آزاد کشمیر سے 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان سے 600 عازمین نے آن لائن اندراج مکمل کیا۔
‎وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نئے نظام کے تحت آئندہ برسوں کے لیے بھی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے تحت سال 2028 کے حج کے لیے 1,400، سال 2029 کے لیے 250 جبکہ سال 2030 کے لیے 350 افراد نے پہلے ہی اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے رجسٹریشن کروا دی ہے۔
‎وزارت نے کہا ہے کہ آن لائن حج رجسٹریشن نظام کا مقصد حج کے عمل کو مزید شفاف، آسان اور جدید بنانا ہے تاکہ عازمین کو گھر بیٹھے محفوظ اور تیز رفتار سہولت میسر آ سکے۔

More posts