وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم ہے اور ملک میں فیول کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
وزارت خزانہ میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں توانائی کے شعبے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی کہ مارچ کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی تمام ضروریات پوری ہیں جبکہ کارگو پلاننگ کے تحت اپریل کے وسط تک فیول سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت اپریل کے آخر تک فیول سپلائی مزید بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ میں پیٹرول خریدنے یا ذخیرہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ ملک میں فیول کی دستیابی برقرار ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کسی ایک سپلائی روٹ پر انحصار کم کرے گی اور عالمی منڈی سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے ذرائع کو مزید متنوع بنایا جائے گا۔
کمیٹی نے اوگرا اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کی کڑی نگرانی رکھی جائے جبکہ توانائی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے نئی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
پاکستان میں فیول سپلائی مستحکم، عوام گھبراہٹ میں پیٹرول ذخیرہ نہ کریں: وزیر خزانہ
