Baaghi TV

سہراب گوٹھ، گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد، شوہر حراست میں

Mother, brother and sister killed in Nowshera

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ گنا منڈی میں واقع ایک گھر سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق گھر سے ملنے والی لاشوں میں ایک خاتون اور اس کے تین کمسن بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر جب ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو چاروں افراد کی لاشیں گھر کے اندر موجود تھیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے میں تمام لاشوں پر پھندا لگا ہوا تھا، جس سے بظاہر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی رائے پوسٹ مارٹم اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ خاتون فاطمہ، 10 سالہ بچی سونم، 3 سالہ آرزو اور 2 سالہ ارمان شامل ہیں۔ بچوں کی عمریں 2 سے 8 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے گھر کو تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مرنے والی خاتون کا تعلق افغانستان سے تھا جبکہ اس کا شوہر نجیب اللہ ضلع لیہ کا رہائشی ہے۔ نجیب اللہ سبزی منڈی میں مزدوری کرتا ہے اور اس نے افغان خاتون سے دوسری شادی کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے سہراب گوٹھ کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رابطہ کیا۔ پولیس حکام نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی نتیجہ شواہد مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی تفتیش کو غیرجانبدار، شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت یا مجرمانہ پہلو سامنے آئے تو ذمہ داروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

More posts