Baaghi TV

غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ، ڈیڈ لائن ختم

پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق بغیر ویزا پاکستان میں موجود ہر افغان شہری کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا اور انہیں وطن واپس بھجوانے کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق غیرقانونی افغان باشندوں کو پناہ دینے یا کرائے پر رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں افغان باشندوں کی جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کی مدد سے غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کارروائیوں کی روزانہ کی رپورٹ وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی، جس میں بغیر ویزا گرفتار کیے گئے افغان شہریوں کی تعداد، اب تک ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات اور زیر حراست افراد کی موجودہ قانونی حیثیت بھی شامل ہوگی۔

یاد رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے 28 جون کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور تمام صوبوں کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی تھی کہ جیو ٹیگنگ کے ذریعے غیرقانونی افغان شہریوں کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور وطن واپسی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور غیرقانونی قیام کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

More posts