پیپلز پارٹی کی رہنما ،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔
سحرکامران کا کہنا تھا کہ محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان میں غیر معمولی عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جس سے مخالفین پریشان ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کروائے جا رہے جبکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات پیپلز پارٹی کے دور میں منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کو گھر فراہم کر رہی ہے اور ہمیشہ "روٹی، کپڑا اور مکان” کے منشور پر عمل پیرا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے گھر بنانے پر یقین رکھتی ہے، گرانے پر نہیں۔
رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈیموں اور دیگر اہم منصوبوں کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی نے رکھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ گلگت بلتستان میں پنجاب پولیس کیوں بھیجی گئی اور کتنے وفاقی و صوبائی وزراء انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔
