ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے مقبول ورچوئل اسسٹنٹ گوگل اسسٹنٹ کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق 3 ستمبر 2026 گوگل اسسٹنٹ کی سروس کا آخری دن ہوگا، جبکہ 4 ستمبر سے اسے تمام اینڈرائیڈ ڈیوائسز سے ہٹا کر اس کی جگہ جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی جیمنائی فراہم کیا جائے گا۔
گوگل اسسٹنٹ کئی برسوں سے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس، اسمارٹ واچز اور دیگر وئیر ایبل ڈیوائسز میں صارفین کی آواز کے ذریعے مختلف کام انجام دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اب کمپنی نے نئی اے آئی ٹیکنالوجی کو متعارف کراتے ہوئے اس سروس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی ایک جدید ملٹی موڈل مصنوعی ذہانت کا اسسٹنٹ ہے، جو صرف عام وائس کمانڈز تک محدود نہیں بلکہ پیچیدہ سوالات کے جواب دینے، تحریر تیار کرنے، تصاویر کا تجزیہ کرنے، معلومات فراہم کرنے اور متعدد جدید کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صارفین جیمنائی کو ٹیکسٹ، آواز اور تصاویر کے ذریعے ہدایات دے سکیں گے۔ اس کے علاوہ اسے پہلے کی طرح "Hey Google” وائس کمانڈ کے ذریعے بھی فعال کیا جا سکے گا، جس سے نئے پلیٹ فارم پر منتقل ہونے والے صارفین کو زیادہ آسانی ہوگی۔
گوگل نے صارفین کو ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے کہ 4 ستمبر 2026 سے گوگل اسسٹنٹ کی خدمات مکمل طور پر بند ہو جائیں گی۔ کمپنی نے مشورہ دیا ہے کہ صارفین بروقت جیمنائی پر منتقل ہو جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی سروس میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ گوگل اسسٹنٹ پہلی بار مئی 2016 میں گوگل کی میسجنگ ایپ ایلو کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے اینڈرائیڈ اور دیگر گوگل ڈیوائسز کا اہم حصہ بنا دیا گیا۔ اب تقریباً ایک دہائی بعد گوگل اپنی مصنوعی ذہانت کی نئی حکمت عملی کے تحت جیمنائی کو مرکزی اے آئی اسسٹنٹ کے طور پر متعارف کرا رہا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ جدید اور بہتر تجربہ فراہم کرنے کی توقع ہے۔
گوگل اسسٹنٹ کا سفر ختم، 4 ستمبر سے جیمنائی تمام اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر دستیاب ہوگا
