Baaghi TV

گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کے لیے پولو گراؤنڈ میں 300 عارضی دکانوں کا قیام

karachi

سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے کے ایم سی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پولو گراؤنڈ میں 300 عارضی دکانوں کا انتظام مکمل کرلیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آتشزدگی سے متاثرہ سینکڑوں تاجروں کو دوبارہ روزگار کی فراہمی میں مدد دینا ہے تاکہ وہ معاشی سرگرمیاں بحال کر سکیں۔

کے ایم سی حکام کے مطابق پولو گراؤنڈ میں باقاعدہ ٹینٹ لگا کر عارضی مارکیٹ قائم کی گئی ہے، جہاں ہر دکاندار کو باقاعدہ جگہ مختص کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عارضی دکانوں میں بجلی کی فراہمی کے ایم سی کی جانب سے یقینی بنائی جائے گی، جبکہ دکانداروں اور خریداروں کی سہولت کے لیے پینے کے صاف پانی اور بیت الخلا کا بھی مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔سیکیورٹی کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ عارضی مارکیٹ کی حفاظت کے لیے 50 سٹی وارڈنز تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور تاجروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شہر کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی تھی۔ اس افسوسناک سانحے میں 86 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 1200 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں، جس کے باعث سینکڑوں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا۔شہری حلقوں اور تاجر برادری نے کے ایم سی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی مستقل بحالی اور مالی معاونت کے لیے بھی جامع پالیسی مرتب کی جائے، تاکہ وہ طویل المدتی بنیادوں پر اپنے کاروبار کو دوبارہ مستحکم کر سکیں۔

More posts