Baaghi TV

ایران کی مبینہ ہٹ لسٹ میں میرا نام پہلے نمبر پر ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی مبینہ ہدفی فہرست میں ان کا نام پہلے نمبر پر شامل ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان جون میں طے پانے والی جنگ بندی کے فریم ورک کے تحت مفاہمتی یادداشت موجود ہے۔
‎ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ وہ قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے بوئنگ طیارے کے بجائے پرانے صدارتی طیارے میں امریکا واپس کیوں جا رہے ہیں۔ اس پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک نئی فہرست سامنے آئی ہے جس میں انہیں قتل کے لیے پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں ٹک ٹاک پر پہلے نمبر پر رہنا زیادہ پسند ہے۔
‎صدر ٹرمپ نے اس سے قبل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی بتایا تھا کہ نیا صدارتی طیارہ برطانیہ کے آر اے ایف ملڈن ہال ایئربیس منتقل کیا جائے گا، جہاں تعینات امریکی فوجی اسے دیکھ سکیں گے۔
‎یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان عسکری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں کے الزامات کے بعد ایران کے فضائی دفاعی نظام، ریڈار تنصیبات اور بعض بحری اہداف کو نشانہ بنایا۔
‎دوسری جانب ایران نے خلیجی خطے میں امریکی افواج کی موجودگی والے فوجی مقامات پر حملے کیے۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں میں کسی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
‎صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے مستقبل پر بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ مفاہمتی فریم ورک اب مؤثر نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی مذاکراتی ٹیم اپنا وقت ضائع کر رہی ہے اور موجودہ حالات میں کسی بڑی پیش رفت کی توقع کم دکھائی دیتی ہے۔

More posts