Baaghi TV

حنا الطاف کو دوران شوٹنگ ہراسانی کا سامنا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا الطاف نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے خوفناک اور غیر محفوظ تجربے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے خواتین کو درپیش ہراسانی کے مسئلے پر آواز بلند کر دی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ شوٹنگ سیٹ پر موجود ایک شخص کے رویے نے انہیں شدید غیر محفوظ اور بے حد غیر آرام دہ محسوس کروایا۔ حنا الطاف کے مطابق جیسے ہی اس شخص نے ان سے بات کی، انہیں فوری طور پر اندازہ ہو گیا کہ صورتِ حال محفوظ نہیں، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر خود کو اس ماحول سے الگ کر لیا۔حنا الطاف نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس واقعے سے متعلق متعلقہ پروڈکشن ہاؤس کو بھی آگاہ کیا اور اس شخص کے رویے کے خلاف رپورٹ درج کروائی۔ اداکارہ کے مطابق خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ خوف اور دباؤ کے بغیر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔

اداکارہ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ان کے حوصلے اور بہادری کو سراہا جا رہا ہے۔ متعدد صارفین نے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ “آپ نے آواز اٹھا کر بہت بہادری کا مظاہرہ کیا”، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ “خواتین کو ہر شعبے میں ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، محفوظ ورک پلیس وقت کی اہم ضرورت ہے۔”حنا الطاف کی جانب سے اس حساس معاملے پر کھل کر بات کرنے کو سوشل میڈیا پر ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ شوبز سمیت ہر شعبے میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

More posts