مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے ملک بھر میں بجلی کے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے حکمرانوں میں شرم و حیا نام کی کوئی چیز نہیں، رات کے اوقات میں شدید گرمی اور غیر اعلانیہ ہر گھنٹے بعد لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے،بے حس حکمرانوں کے گھروں کی بجلی بند ہو تو انہیں عوام کی تکلیف کا اندازہ ہو
ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی بجلی بندش عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے، شدید گرمی میں بچے، بزرگ، مریض، طلبہ اور کاروباری طبقہ اذیت کا شکار ہیں،ایک طرف حکمران دعوے کرتے تھے کہ بجلی کی پیداوار پوری ہے،شہریوں کی جانب سے سولر سسٹم لگانے کے بعد بجلی اضافی ہے، اب بتایا جائے اگر بجلی اضافی ہے تو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے، اگر ملک میں بجلی کی پیداوار کا بحران ہے تو قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، پاور پلانٹس کو کم صلاحیت پر چلانے، گیس و تیل کی قلت اور آر ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹ جیسے معاملات حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں،حکمرانوں نے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے وعدے کیے تھے، مگر آج صورتحال یہ ہے کہ بجلی آتی کم اور جاتی زیادہ ہے، عوام پہلے ہی مہنگی بجلی کے بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں اور اس کے باوجود انہیں مسلسل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے،حکمران عوام پر رحم کریں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے.
