سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ علاقائی صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور بحری سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت، کشیدگی میں کمی کی کوششوں اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر گفتگو کی۔ اس موقع پر امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات بھی زیرِ بحث آئے۔رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے خلیجی خطے میں بحری سرگرمیوں کے تحفظ اور اہم آبی گزرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کی اہمیت پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے تسلسل کے لیے سمندری راستوں کا محفوظ رہنا ناگزیر ہے۔
ادھر امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ رابطہ جمعے کے روز ہوا، جس میں خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال اور امریکا۔ایران تعلقات ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جبکہ خلیجی ممالک خطے میں استحکام اور بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔
