سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی کے ستائے عوام پر “پٹرول بم” گرا دیا ہے۔
اپنے بیان میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، ایسے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مزید ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور اب وہ مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔سراج الحق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی تو کم از کم ان کے مسائل میں اضافہ تو نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہر چیز کی قیمت بڑھانے کا سبب بنے گا، جس کے اثرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
