برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ تنازع مزید بڑھنے کی صورت میں مشرقِ وسطیٰ سے باہر موجود امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی ایرانی حکومت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق، تہران تنازع کی شدت میں اضافے کی صورت میں ممکنہ جوابی کارروائی کے لیے مختلف حکمتِ عملیوں پر غور کر رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی افواج نے جنوب مشرقی یورپ، بالخصوص بلغاریہ میں موجود امریکی فوجی اثاثوں پر ممکنہ حملوں کے امکانات کا جائزہ لیا ہے، جبکہ قبرص کو بھی مزید امریکی فوجی کارروائی کی صورت میں ممکنہ ہدف کے طور پر زیرِ غور لایا گیا ہے۔فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز میں خلل ڈالنے کے ممکنہ طریقوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔
ایرانی ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ ممکنہ جوابی کارروائی کی نوعیت اور شدت کا انحصار امریکا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر ہوگا۔
