Baaghi TV


ایران مذاکرات بحال کرنے پر تیار، نیا دور اسلام آباد، جنیوا یا دوحہ میں متوقع

pak

‎عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور آئندہ مرحلے کے مذاکرات اسلام آباد، جنیوا یا دوحہ میں منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تہران نے واضح کیا ہے کہ اس نے مذاکراتی عمل کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا بلکہ موجودہ حالات کے باعث صرف عارضی طور پر معطل کیا تھا۔
‎ذرائع کے مطابق ایران نے مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ وہ سفارتی بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتا اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔ ایرانی حکام نے اس بات پر زور دیا کہ نئے مذاکرات کا آغاز اسی مرحلے سے کیا جائے گا جہاں گزشتہ دور میں بات چیت رکی تھی۔
‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے پاکستان کو یہ بھی آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے کسی نئے روٹ یا متبادل انتظام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ تہران کا مؤقف ہے کہ سب سے پہلے آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر تفصیلی بات چیت ہونی چاہیے، جس کے بعد منجمد ایرانی اثاثوں اور جوہری پروگرام سمیت دیگر اہم معاملات پر پیش رفت کی جا سکتی ہے۔
‎ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اعتماد سازی ناگزیر ہے، اسی لیے تمام فریقوں کو پہلے سے طے شدہ نکات پر ہی مذاکرات آگے بڑھانے چاہییں تاکہ کسی نئے تنازع یا اختلاف سے بچا جا سکے۔
‎دوسری جانب ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والے وقفے نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور توقعات کے مقابلے میں شکوک و شبہات زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایران خطے میں تمام حملے رکوانے کے لیے تیار ہے، تاہم یہ اسی صورت ممکن ہوگا جب امریکا بھی کسی نئی فوجی کارروائی سے گریز کرے۔
‎ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اگر امریکا حملے نہیں کرتا تو ایران بھی کوئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں سفارت کاری ہی تنازعات کے حل کا بہترین ذریعہ ہے اور تمام فریقوں کو مذاکرات کے ذریعے اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
‎واضح رہے کہ اس پیش رفت کے حوالے سے تاحال ایران، پاکستان یا دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا، جبکہ مختلف سفارتی ذرائع اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہونے کی اطلاعات دے رہے ہیں۔

More posts