ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو امریکی افواج کے لیے “قبرستان” بنا دیا جائے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
سابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر اور ایکسپیڈینسی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں موجود امریکی افواج سمندری قزاقوں کی مانند ہیں۔ انہوں نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا میں صرف امریکا ہی ایسا ملک ہے جس کے پاس طیارہ بردار جہازوں کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ان “قزاقوں” کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور اگر ضرورت پڑی تو امریکی جنگی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کو اپنے طیارہ بردار جہازوں اور افواج کے لیے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں ایک حالیہ واقعے کا حوالہ بھی دیا جس میں ایک امریکی جنگی طیارہ گرائے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، اور کہا کہ ایسے واقعات مستقبل میں بھی دہرائے جا سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کے بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں، خاص طور پر آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے کے حوالے سے جہاں عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔
آبنائے ہرمز امریکا کیلئے قبرستان بنے گا، ایرانی عہدیدار کی دھمکی
