Baaghi TV


ایران امریکا مذاکرات دو مراحل میں ہوں گے، عباس عراقچی

america

‎ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ مذاکرات دو مرحلوں میں کیے جائیں گے، جن کا مقصد حتمی معاہدے تک پہنچنا ہے۔
‎تہران میں سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور ممکنہ طور پر جمعے کو سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنگ بندی، علاقائی سلامتی، آبنائے ہرمز کی صورتحال، امریکی بحری ناکہ بندی اور ایران کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو پر بات چیت ہوگی۔
‎انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام، یورینیئم کی افزودگی اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق تفصیلی مذاکرات کیے جائیں گے تاکہ ایک جامع اور حتمی معاہدہ طے پا سکے۔
‎عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ موجودہ مفاہمتی یادداشت میں ایک جانب امریکا اور اسرائیل جبکہ دوسری جانب ایران اور حزب اللہ شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے کا معاملہ بھی اس معاہدے کا اہم حصہ ہے۔
‎ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کی کسی بھی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ برقرار رہنا یا مستقبل میں کوئی نئی فوجی کارروائی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی اور اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے مقامی وقت کے مطابق پیر کو معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد جنگ کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ مفاہمتی یادداشت جمعے سے باضابطہ طور پر نافذ العمل ہوگی، جس کے بعد اگلے مرحلے کے مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

More posts