Baaghi TV


ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، جارحیت پر فوری اور دردناک جواب

‎ایرانی حکام نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نئی جارحیت کی کوشش کی گئی تو اس کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر ماجد موسوی نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
‎ماجد موسوی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے نتائج دنیا دیکھ چکی ہے، اور اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو طیارہ بردار جہاز بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ ان کے بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
‎دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے بھی خبردار کیا کہ اگر جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو یہ امریکا کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق ممکنہ جنگ کا مرکز اصفہان کے قریب اور ایران کے مغربی علاقوں میں ہو سکتا ہے۔
‎محسن رضائی نے یہ بھی کہا کہ دشمن تہران میں تخریب کاری یا حملوں کی کوشش کر سکتا ہے، تاہم ایران ایسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر زمینی حملہ کیا گیا تو ایرانی افواج دشمن کے بڑی تعداد میں فوجیوں کو قیدی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
‎انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی خبردار کیا کہ اگر اس اہم بحری راستے کی ناکا بندی جاری رہی تو ایران بھرپور ردعمل دے گا، جس کے عالمی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

More posts