Baaghi TV


ایرانی وزیر خارجہ کا کویتی ہم منصب سے رابطہ، امریکا ایران معاہدے پر تبادلہ خیال

america

‎تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
‎عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں امریکا ایران معاہدے کے مختلف پہلوؤں اور مشرق وسطیٰ کی تازہ علاقائی پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔
‎ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کو امید ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعمیری مذاکرات جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ موجودہ غلط فہمیوں اور ابہامات کو دور کیا جا سکے۔
‎عباس عراقچی کے مطابق ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی مسائل کا پائیدار حل صرف سفارت کاری، مذاکرات اور مشترکہ تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
‎دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے رابطوں کو جاری رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

More posts