Baaghi TV

اسحاق ڈار کا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ

asian

‎نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور متن کے مطابق مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں موجود دیرینہ اور زیر التوا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔
‎اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اقوام کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کا حامی رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے واقعات نے ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو نمایاں کر دیا ہے کہ خطے میں دیرینہ تنازعات کا پائیدار اور پُرامن حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
‎وزیر خارجہ نے خاص طور پر جموں و کشمیر کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع خطے میں بدامنی اور کشیدگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی اصولی، اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
‎اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے والے تمام افراد اور ادارے قوم کے احترام اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے محافظوں اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والوں کے ساتھ متحد کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
‎انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق مضبوط ادارے، عوامی صلاحیتوں کا مؤثر استعمال اور مشترکہ قومی عزم ہی پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور پُرامن مستقبل کی جانب لے جا سکتے ہیں۔
‎نائب وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان کی تعمیر کے عزم کو مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن، استحکام، مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی نہ صرف ملکی بلکہ علاقائی سطح پر بھی دیرپا ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

More posts