اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف شاہراہوں پر خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں جو گاڑیوں کی چیکنگ اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کررہے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 450 سے زائد کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ گاڑیوں کے شیشوں پر غیر قانونی طور پر کالے پیپر لگانے یا ایسی تبدیلیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالے شیشوں سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس قانون کی یکساں اور بلاامتیاز عملداری یقینی بنا رہی ہے، کسی بھی شخص کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی حادثات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور گاڑیوں کے شیشوں پر غیر ضروری یا غیر قانونی کالے پیپر لگانے سے گریز کریں۔
