اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں ایک کارروائی کے دوران فلسطینی مسلح گروپ کتائب المجاہدین کے کمانڈر احمد حسین محمد کفینہ کو شہید کر دیا ہے۔ فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی غزہ کے جنوبی حصے میں کی گئی، تاہم حملے کے مقام اور اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق احمد حسین محمد کفینہ پر 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں حصہ لینے کا الزام تھا۔ فوج کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیلی شہری نوآ ارگامانی اور اویناتان اور کے اغوا میں ملوث تھے، جبکہ سدھیساک رنتھالک کے اغوا کی منصوبہ بندی اور نگرانی بھی انہوں نے کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ احمد حسین محمد کفینہ کو ایک انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حملے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان یا دیگر تفصیلات کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب، اس دعوے پر کتائب المجاہدین یا دیگر فلسطینی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں اور فضائی حملے بدستور جاری ہیں، جبکہ خطے میں انسانی بحران، امدادی سرگرمیوں اور جنگ بندی کی کوششوں پر بھی عالمی برادری کی توجہ مرکوز ہے۔
اسرائیلی فوج کا غزہ میں کتائب المجاہدین کے کمانڈر کی شہادت کا دعویٰ
