قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی کی حالت دیکھ کر بہت شرمندگی ہوتی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے پوڈ کاسٹ میں کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونے کو شاہد آفریدی نے بہت مشکل فیصلہ قرار دیا،انہوں نےکہاکہ کراچی بہت اچھے لوگوں کا شہر ہے، یہاں بہت اچھا وقت گزارا، اسلام آباد انفرااسٹرکچر اور آب و ہوا کے لحاظ سے بہت اچھا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کراچی کو یاد نہیں کرتا لیکن کراچی کے لوگ بہت یاد آتے ہیں، اربوں روپے کا کاروبار اور لوگوں کو روزگار دینے والے شہر کی حالت دیکھ کر بہت شرمندگی ہوتی ہےجب کوئی کراچی کو ’پیرس‘ یا کچھ اور کہتا ہے تو سن کر ہنسی آتی ہے،شاہراہ بھٹو اچھی بنائی ہے لیکن ضرورت بہت سارے کاموں کی ہے، ایک منصوبے سے آپ خود کو اور عوام کو تسلی نہیں دے سکتے۔
سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے میرا ارادہ تھا لیکن 2019 میں ذہن بدل گیا، سیاست کرنا میرا کام نہیں ہے۔
