کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس دوران جیل میں بنیادی سہولتیں فراہم نہ کیے جانے سے متعلق دائر درخواست پر بھی کارروائی کی گئی۔
سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انمول عرف پنکی کو جیل میں ادویات اور کپڑوں سمیت ضروری سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں، جس پر عدالت نے ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کیا۔ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئیں اور بتایا کہ ملزمہ اپنی مرضی کے عام کپڑے منگوا کر پہن سکتی ہے، اس پر جیل انتظامیہ کو کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انمول عرف پنکی کا علاج سول اسپتال میں جاری ہے اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ تمام ادویات باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔عدالت نے جیل حکام کا مؤقف سننے کے بعد درخواست نمٹا دی۔
دوسری جانب عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے آئندہ تاریخ بھی مقرر کر دی، جس پر کیس کی مزید کارروائی آئندہ سماعت پر آگے بڑھائی جائے گی۔
