Baaghi TV

پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،حافظ مسعود اظہر

hafi masood ahar

لاہور ( ) پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا دورہ کوئٹہ قومی یکجہتی، قیادت کے عزم اور دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن پیغام ہے کہ پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔بلوچستان اور صوبہ کے پی کے میں دہشت گردی کی ہونے والی تمام وارداتوں میں بھارت ملوث ہے ۔ سیاسی اور عسکری قیادت کا کوئٹہ کا دورہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاستی قیادت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ ایسے مواقع پر قومی قیادت کا متاثرہ علاقوں میں جانا عوام کے حوصلے بلند کرتا ہے، شہدا کے اہل خانہ کو یہ احساس دلاتا ہے کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، اور دشمن کو یہ مضبوط پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کسی بھی دبا ئو یا دہشت گردی کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن، ترقی اور استحکام کے دشمن ہیں۔ ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قومی اتحاد، عوامی شعور اور ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں قوم ہمیشہ عزت، محبت اور فخر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ پاکستان کی غیور قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو قومی اتحاد، ایمانی قوت اور اجتماعی عزم سے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے، جس میں ہر محب وطن شہری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائے، ہماری مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور قومی قیادت کو مزید استقامت عطا فرمائے، شہدا کے درجات بلند کرے، زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کی اندرونی و بیرونی سازشوں سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔

More posts