Baaghi TV

کراچی میں منشیات فروش خاتون گرفتار، بغیر ہتھکڑی پیشی پر پولیس حکام برہم

‎کراچی میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں گرفتار خاتون ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آ گیا۔ پولیس حکام نے ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کیے جانے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
‎پولیس کے مطابق گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، مختلف کیمیکلز، نشہ آور اشیا اور ایک پستول برآمد کیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ شہر میں منشیات کی سپلائی کے ایک بڑے نیٹ ورک کو چلا رہی تھی اور اس کے خلاف 10 مقدمات پہلے سے درج تھے جبکہ وہ کئی کیسز میں مطلوب بھی تھی۔
‎تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ جدید طریقوں سے منشیات کی سپلائی میں ملوث تھی۔ وہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے مخصوص رائیڈرز کے ذریعے منشیات پہنچاتی تھی جبکہ خواتین رائیڈرز کا استعمال بھی کیا جاتا تھا تاکہ پولیس کو شک نہ ہو۔
‎ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا تو وہاں اسے بغیر ہتھکڑی لائے جانے پر شدید سوالات اٹھے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے واقعے میں غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب تفتیشی افسران اور اہلکاروں کو فوری معطل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
‎ترجمان سندھ پولیس کے مطابق معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے سینئر افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
‎کراچی پولیس چیف آزاد خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ تمام پولیس افسران اور اہلکار قانون اور قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنا ایک سنگین غفلت ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

More posts