ترکش ایئر لائن کی استنبول سے آنے والی پرواز کے دوران ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، جب نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے بعد طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ بھڑک اٹھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر بس A330-343 طیارہ استنبول سے کٹھمنڈو پہنچا تھا کہ ٹیکسی کرتے وقت اس کے لینڈنگ گیئر سے دھواں اور آگ نکلنے لگی۔ صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان گیانیندر بھول کے مطابق طیارے میں سوار 277 مسافروں اور 11 کریو ممبران کو ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے نکالا گیا، جبکہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ترک ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لینڈنگ کے بعد طیارہ رن وے سے ٹیکسی کر رہا تھا کہ لینڈنگ گیئر میں دھواں دیکھا گیا، جس کے بعد فوری تکنیکی معائنہ شروع کردیا گیا۔ایئرلائن کے سینئر نائب صدر برائے کمیونیکیشنز یحییٰ اُستن کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھواں ممکنہ طور پر ہائیڈرولک پائپ میں فنی خرابی کے باعث پیدا ہوا۔واقعے کے بعد کٹھمنڈو ایئرپورٹ پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہوگئیں جبکہ حکام نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
