Baaghi TV


خلیل الحیہ حماس کے نئے سربراہ مقرر

‎حماس نے خلیل الحیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم کے مطابق خلیل الحیہ سابق سربراہ یحییٰ سنوار کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
‎حماس کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ خلیل الحیہ تنظیم کی سیاسی اور تنظیمی قیادت کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ یحییٰ سنوار اکتوبر 2024ء میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد تنظیم کی قیادت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
‎خلیل الحیہ 1960ء میں غزہ میں پیدا ہوئے اور فلسطینی تحریک حماس کے بانی اراکین میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ 1987ء میں حماس کے قیام کے وقت سے ہی تنظیم کے ساتھ وابستہ ہیں اور مختلف سیاسی، تنظیمی اور مذاکراتی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔
‎گزشتہ کئی برسوں کے دوران خلیل الحیہ نے حماس کی قیادت میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد علاقائی و بین الاقوامی سطح کے مذاکرات میں تنظیم کی نمائندگی بھی کی۔ انہیں حماس کے سینئر رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے اور فلسطینی سیاسی معاملات میں ان کا مؤقف نمایاں رہا ہے۔
‎تجزیہ کاروں کے مطابق ان کی تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ کی صورتحال، اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی اور خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال کے باعث حماس کو اہم فیصلوں کا سامنا ہے۔ نئی قیادت کو تنظیمی معاملات کے ساتھ ساتھ سفارتی اور سیاسی چیلنجز سے بھی نمٹنا ہوگا۔
‎حماس کی جانب سے خلیل الحیہ کی تقرری کو تنظیمی تسلسل کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس پیش رفت پر خطے کے مختلف ممالک اور عالمی برادری کی جانب سے ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔

More posts