Baaghi TV

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ:خواجہ آصف نے تحریری جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق حکومتی کوششوں میں اب تک کوئی حتمی پیش رفت نہ ہو سکی ہے،وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے سینیٹر شہادت اعوان کے سینیٹ میں کیے گئے سوال کا تحریری جواب دے دیا –

خواجہ آصف نے تحریری جواب میں بتایا کہ حالیہ آؤٹ سورسنگ عمل کے دوران ابتدائی طور پر حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر اوپن اور مسابقتی بولی کے ذریعے ایئرپورٹ آؤٹ سورس کرنے کی کوشش کی تاہم اس عمل میں صرف ایک ہی بولی موصول ہوئی، جسے ریزرو پرائس کے معیار پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا، یوں یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس کے بعد حکومت نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ بنیاد پر آؤٹ سورسنگ کا آپشن اپنایا، جو انٹر گورنمنٹل کمرشل ٹرانزیکشن ایکٹ 2022 کے تحت کیا گیا، مگر یہ طریقہ کار بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا ان تمام ناکام کوششوں کے بعد اب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ باضا بطہ طور پر وزارتِ نجکاری کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کو مالی وسائل میں بہتری، انتظامی کارکردگی کے فروغ اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم قرار دیتی ہے، تاہم عملی سطح پر بولی کے معیار اور شفافیت سے متعلق چیلنجز تاحال حائل ہیں،وزارتِ نجکاری کو منتقلی کے بعد امکان ہے کہ ایئرپورٹ کی نجکاری ہو سکے گی البتہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اداروں اور قومی اثاثوں کی نجکاری کی فہرست میں ابھی تک اسلام آباد ایئرپورٹ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سوال میں استفسار کیا گیا تھا کہ آیا حکومت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کی کسی تجویز پر غور کر رہی ہے، اور اگر ایسا ہے تو اس کی وجوہات اور متوقع فوائد کیا ہوں گے؟-

More posts