وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں کوئٹہ میں لڑکیوں کی آزادی میراتھن ریس رن فار فن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایتھلیٹس، طالبات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی تقریبا دو سو کے قریب لڑکیوں نے حصہ لیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم تھامے ریس میں حصہ لیا اور قومی جذبے، حب الوطنی اور جوش و خروش کا بھرپور اظہار کیا، ساڑھے تین کلومیٹر پر مشتمل میراتھن ریس شہدا زیارت چوک سے شروع ہوکر ایوب سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی۔
ریس کی مہمان خصوصی صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ تھیں جنہوں نے لڑکیوں کا حوصلہ بڑھایا، ان کے ہمراہ سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی اور بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ریس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مینا مجید بلوچ نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے آزادی میراتھن ریس کا انعقاد دنیا کو ایک مثبت پیغام دینے کی کوشش ہے۔ بلوچستان کی بچیوں نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ وہ باہمت، پُرعزم اور حوصلہ مند ہیں اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بچیوں نے اپنے عزم اور حوصلے سے دنیا کو صوبے کا مثبت چہرہ دکھایا ہے۔ بلوچستان کی بچیاں محبِ وطن ہیں اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ریس کا انعقاد اسی علاقے میں کیا گیا جہاں ماضی میں دہشت گردوں نے ہماری فورسز کو نشانہ بنایا، تاہم آج اسی علاقے سے خواتین نے امن، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کا پیغام دنیا تک پہنچایا ہے۔ ریس کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیاب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، انہیں میڈلز پہنائے اور نقد انعامات سے نوازا۔ میراتھن ریس میں کبریٰ نے پہلی، مینا نے دوسری جبکہ ہادیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کبریٰ کو ایک لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کی حامل مینا کو 50 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ہادیہ کو 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
