Baaghi TV


کویت نے ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کردی

israel

‎کویت نے ایران پر ڈرون اور میزائل حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں خطے کیلئے خطرناک کشیدگی قرار دیا ہے۔
‎غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ “ریاستِ کویت کی سرزمین کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے والے ایرانی مجرمانہ حملوں کی ہم سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔”
‎کویتی حکام کے مطابق یہ حملے خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں جبکہ ایسے اقدامات خلیجی صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
‎بیان میں کہا گیا کہ کویت اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
‎یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
‎اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بندر عباس میں امریکی حملوں کے جواب میں ایک امریکی ائیربیس کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
‎تاہم پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں اس امریکی ائیربیس کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
‎علاقائی مبصرین کے مطابق خلیجی ممالک میں بڑھتی عسکری سرگرمیاں مشرق وسطیٰ کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اس وقت ممکنہ کشیدگی کے اہم مراکز بن چکے ہیں۔
‎سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو خطہ ایک بڑے تصادم کی طرف جا سکتا ہے جس کے عالمی معیشت اور تیل کی ترسیل پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
‎عالمی برادری مسلسل تمام فریقین سے تحمل، جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل کر رہی ہے تاکہ خطے میں امن بحال رکھا جا سکے۔

More posts