اسلام آباد میں کھیلے گئے پہلے ہاکی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3-1 سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
قومی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کی دفاعی لائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ قومی ٹیم کے نئے کپتان ابوبکر محمود نے ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے دفاع اور حملے دونوں شعبوں میں متوازن کھیل پیش کیا، جس کے باعث مہمان ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ قومی ٹیم کی منظم حکمت عملی اور بہتر فِنشنگ نے میزبان ٹیم کو واضح برتری دلائی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ یکم اگست کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان سیریز اپنے نام کرنے جبکہ جنوبی کوریا مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کرے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے عماد بٹ کی جگہ ابوبکر محمود کو ورلڈ کپ کے لیے نیا کپتان مقرر کیا تھا۔ یہ فیصلہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر کیا تھا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق عماد بٹ بدستور قومی اسکواڈ کا حصہ رہیں گے اور سینئر کھلاڑی کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قیادت میں تبدیلی کا مقصد ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور شائقین کو امید ہے کہ گرین شرٹس دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کریں گے۔
پاکستان نے پہلے ہاکی ٹیسٹ میں جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی
