Baaghi TV

ایل اے 15 کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کا خدشہ، پیپلزپارٹی کا رینجرز تعیناتی کا مطالبہ

pppp

مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے 15 کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے قبضے کے خدشے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت جمع کرادی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 31 سے 38، 70 سے 79، 180 سے 186 اور پولنگ اسٹیشن نمبر 197 پر قبضے کے لیے جماعت اسلامی کے کارکن جمع ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو ان پولنگ اسٹیشنوں سے نکال دیا گیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے شکایت میں کہا کہ پولیس بھی ان مقامات سے واپس چلی گئی ہے جس کے باعث تمام 26 پولنگ اسٹیشن اس وقت بغیر سیکیورٹی کے ہیں، ایسے وقت میں پولیس کا واپس جانا انتہائی تشویشناک ہے جب ان پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کے لیے لوگ جمع ہو رہے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ معلوم کیا جائے کہ پولیس کو 26 پولنگ اسٹیشنوں سے کس کے حکم پر اور کس وقت واپس بلایا گیا اور فوری طور پر پولیس فورس کو دوبارہ ان پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیا جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ چار مختلف علاقوں میں واقع 26 پولنگ اسٹیشنوں کو بیک وقت خطرہ لاحق ہے، اس صورت حال سے معمول کی انتخابی سیکیورٹی کے ذریعے نمٹنا ممکن نہیں، اس لیے ان تمام پولنگ اسٹیشنوں پر فوری طور پر رینجرز تعینات کی جائے اور پولنگ سے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک رینجرز موجود رہے۔پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور نے حلقہ ایل اے 15 کے امیدوار سردار ضیاء القمر کی جانب سے یہ شکایت چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ارسال کی جبکہ اس کی نقول چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر، ریٹرننگ آفیسر ایل اے 15، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو بھی ارسال کی گئی ہیں

More posts