Baaghi TV

لاہور بورڈ میٹرک نتائج ،سکھ طالب علم اونکار سنگھ نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی

لاہور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) لاہور کے سالانہ میٹرک امتحانات 2026 کے نتائج میں سکھ طالب علم اونکار سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

اونکار سنگھ کی اس کامیابی کو طلبہ، اساتذہ اور اہلِ خانہ کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بے حد مسرور ہیں اور اسے اپنے والد کے نام کرتے ہیں۔اونکار سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے ہمیشہ تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی اور انہی کی حوصلہ افزائی نے انہیں محنت کرنے کا جذبہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا خواب اپنے والد کی طرح ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی پہلی بڑی کامیابی نہیں بلکہ گزشتہ سال نویں جماعت کے امتحانات میں بھی انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، جس سے ان کی مسلسل شاندار تعلیمی کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔اونکار سنگھ نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس انہوں نے اسلامیات اور ترجمۂ قرآن کے مضمون میں بھی مکمل نمبر حاصل کیے تھے، جو تمام مضامین میں ان کی بھرپور محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔

دوسری جانب اونکار سنگھ کے والد، ڈاکٹر ممپل سنگھ، جو تمغۂ امتیاز کے اعزاز سے بھی نوازے جا چکے ہیں، نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں طلبہ کی صلاحیتوں کا معیار مذہب نہیں بلکہ میرٹ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں ہر طالب علم کو یکساں مواقع میسر ہیں اور قابلیت کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر ممپل سنگھ نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے پر کبھی غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالا بلکہ ہمیشہ اسے تعلیم پر توجہ دینے اور اپنے اہداف کے حصول کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دی۔

More posts