لاہور کے ہربنس پورہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران بڑے بھائی کی فائرنگ سے 30 سالہ چھوٹا بھائی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ہربنس پورہ کے علاقے کوٹلی پیر عبدالرحمن میں پیش آیا، جہاں گھر میں والدہ سے جاری لڑائی جھگڑے کے دوران بڑے بھائی اظہر نے اپنے چھوٹے بھائی طارق پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے 30 سالہ طارق شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کے دوران پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم اظہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا، جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جاسکیں۔
پولیس نے مقتول طارق کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ دوسری جانب واقعے کے حوالے سے ملزم کی والدہ شکیلہ بی بی سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاکہ گھریلو جھگڑے کی اصل وجہ اور فائرنگ سے قبل پیش آنے والے واقعات کا پتا چلایا جاسکے۔
ایس ایچ او ہربنس پورہ کے مطابق متاثرہ خاندان کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
